اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے سابق جنرلوں نے پیر کے دن صیہونی وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو سے اپیل کی کہ وہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو ایک حققیت کے طور پر تسلیم کر لیں۔ ان جنرلوں کا کہنا ہے کہ بنیامین نتنیاہو کو خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر مبنی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کی جانب توجہ دینی چاہئے۔ صیہونی اخبار یدیعوٹ احرونوٹ نے لکھا تھا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کی وجہ سے امریکا میں یہودی حلقوں میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ نتنیاہو نے سابق صیہونی حکام کے برخلاف امریکی حکومت کے ساتھ اختلافات پیدا کر لئے ہیں اور انہوں نے علانیہ طور پر ایران کے ایٹمی پروگرام کے سیاسی حل پر مبنی پالیسی کی مخالفت کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے واشنگٹن کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں اس طرح کی کشیدگی اس سے پہلے کبھی بھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان چودہ جولائی کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ایک معاہدہ ہوا اور اس کے ایک ہفتے کے بعد اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے اس ایٹمی معاہدےکی توثیق کر دی۔
.......
/169